.سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرنےکہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات دور کرانے میں مدد دینے کے لیے تیار ہے لیکن خود کو کسی پرمسلط نہیں کرے گا ۔
بھارتی اخبارکو انٹرویو میں سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کا تاریخی اتحادی ہے اور رہے گا، پاکستان سے سعودی عرب کے تعلقات بھارت کے ساتھ تعلقات کی قیمت پر نہیں ہیں ۔ بھارت
سے تمام شعبوں میں سعودی عرب کے اسٹریٹجک تعلقات ہیں ۔
اگر دونوں ملکوں کے ساتھ یہ قریبی تعلقات اُن کے اختلافات دور کرنے میں مفید ثابت ہوسکتے ہیں تو سعودی عرب اس کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی چیلنج درپیش ہیں جن میں سے بعض کا تعلق افغان جنگ سے ہے،پاکستان دہشتگردوں بالخصوص پاک افغان سرحد پر سرگرم عناصر کو شکست دینے کی کوشش کررہا ہے۔ سعودی عرب کو یقین ہے کہ پاکستان خطرے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے جس سے جلد نکل آئے گا۔